پرینکا فلم کی کمائی میں بھی حصہ دارہوں گی
بالی وڈ میں گزشتہ چند سالوں سے جہاں اداکاروں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، وہیں اب اداکار فلموں کی کمائی سے حصہ بھی لینے لگے ہیں۔بالی وڈ میں فلموں کی کمائی سے حصہ لینے کا رواج بھی خانز نے متعارف کرایا تھا اور اب تک صرف سلمان خان، شاہ رخ اور عامر خان سمیت اکشے کمار جیسے اداکار ہی اس نئے رواج سے فائدہ حاصل کر رہے تھے۔ اب اطلاعات ہیں کہ پرینکاوہ پہلی بالی وڈ اداکارہ ہیں جو آنے والی فلم میں کام کرنے کے بدلے نہ صرف معاوضہ لیں گی بلکہ اس کی کمائی سے بھی حصہ حاصل کریں گی۔آنے والی فلم ”اسکائی از پنک“ میں اداکاری کرنے کے بدلے 35 سالہ پرینکا چوپڑا فلم کی کمائی سے بھی حصہ لیں گی۔ اگرچہ ابھی فلم کی ٹیم اور اداکارہ کے درمیان اس حوالے سے حتمی معاہدہ نہیں ہوا تاہم امکان ہے کہ انہیں فلم کی مجموعی کمائی کا 10 فیصد دیا جائے گا۔