Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار کو کیوں محسوس ہوا کہ وہ اچھے اداکار نہیں؟

57 سالہ اکشے کمار کی پہلی ہٹ فلم ’1991 میں ریلیز ہونے والی ’سوگندھ‘ تھی (فائل فوٹو: آئی اے این ایس)
ایکٹر اکشے کمار بالی وُڈ  کے ان چند مشہور اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہیں انڈسٹری کا کامیاب ترین ایکٹر مانا جاتا ہے۔
ایک ایکشن ہیرو کے طور پر کیریئر کی شروعات کرنے والے اکشے کمار نے جلد ہی کامیڈی ہیرو کے طور پر بھی اپنے آپ کو منوایا۔
شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق ایک وقت ایسا بھی تھا جب اکشے کمار خود کو ایک اچھا اداکار نہیں سمجھتے تھے۔
صرف یہی نہیں بلکہ ایک مرتبہ تو اکشے کمار کو جم خانے (کلب) میں داخلے کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی۔
اکشے کمار جب پہلی مرتبہ ’فلم فیئر‘ ایواڈ کے لیے نامزد ہوئے تو انہوں نے ’بالی وُڈ شادی‘ کو  ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ خود کو اس ایوارڈ کے حق دار نہیں سمجھتے۔
ان کا کہنا تھا ’ناقدین کو علم ہے میں کوئی اچھا اداکار نہیں ہوں، بلکہ مجھے خود اندازہ ہے میں کوئی اچھا اداکار نہیں ہوں، میں آپ کو یہ بتا رہا ہوں کہ میں جس ایوارڈ کے لیے نامزد ہوا ہوں میں خود کو اس کے قابل ہی نہیں سمجھتا۔‘
ایک مرتبہ اکشے کمار کو جم خانے میں داخل ہونے سے بھی روک دیا گیا تھا۔
اداکار بتاتے ہیں کہ ’ایک مرتبہ میرا جم خانہ جانا ہوا، وہاں میں نے جم خانے کی انتظامیہ کو بتایا کہ میں جم خانے میں داخلہ لینا چاہتا ہوں، تو آپ کو علم ہے آگے کیا ہوا؟‘
وہ مزید بتاتے ہیں کہ ’جم خانے کی انتظامیہ نے مجھے داخلہ دینے سے انکار کر دیا اور انہوں نے کہا کہ ہم ایکٹرز کو  داخلہ نہیں دیتے۔‘
بالی وُڈ کے بڑے ایکٹر بننے کے پیچھے اکشے کمار کی محنت اور لگن کی ایک پوری داستاں ہے۔ کالج سے نکالے جانے کے بعد اکشے کمار پانچ سال تک بینکاک میں رہے جہاں انہوں نے تھائی باکسنگ سیکھنے کے ساتھ ساتھ چھوٹی موٹی نوکریاں بھی کیں۔
پیسے کمانے کے لیے اکشے کمار نے 20 سال کی عمر میں ویٹر کے طور پر بھی کام کیا۔ اس دوران ’مسٹر انڈیا‘، ’حکومت‘ اور ’جلوہ‘ جیسی فلموں نے اکشے کمار کے ایکٹر بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔
یاد رہے کہ 57 سالہ اکشے کمار کی پہلی ہٹ فلم ’1991 میں ریلیز ہونے والی ’سوگندھ‘ تھی۔

 

شیئر: