Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد کو ملنے والے ایوارڈز واپس کردونگی، اہلیہ کا اعلان

وارانسی۔۔۔۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے مایہ نازکھلاڑی اور سابق اولمپیئن مرحوم محمد شاہد کی اہلیہ پروین نے مرکز اور ریاستی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے اپنے خاوند کو ملنے والے ،پدم شری اور ارجن ایوارڈ اور تمغوں کووزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروین نے  بتایا کہ وہ 21 جولائی کو دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کی کوشش کریں گی اور ان سے اگر ملاقات ہوئی  تو وہ  خاوند کو ملنے والے تما م سرکاری ایوارڈزواپس کردینگی۔ان کا الزام ہے کہ 20 جولائی 2016 کو ان کے خاوند کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔اس موقع پر حکومت کے عہدیداروں نے امداد کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ محمد شاہد وارانسی کے ڈیزل انجن ریل کارخانہ میں ملازم تھے۔ ان کی مو ت کے بعد تعزیت کے لئے آئے وزیروں اور افسران نے ڈیریکا اسٹیڈیم کا نام شاہد کے نام پر رکھے جانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ڈیریکا انتظامیہ نے آج تک اس پر کوئی پہل نہیں کی ۔ ہاں کچھ دنوں تک ان کے نام کا بورڈ اسٹیڈیم پر ضرور لٹکانے کے بعد ہٹا دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی کھیل اور نوجوان امور کے ریاستی وزیر وجے گوئل اور ریاست کے وزیر کھیل رام سکل گوجر نے محمد شاہد کی یاد میں قومی مقابلے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ہاکی کھلاڑی دھن راج پلئے اور ظفر اقبال نے بھی وارانسی میں ایک ہاکی اکیڈمی اور ضلع لیگ شروع کروانے کے وعدہ کیا تھا۔واضح رہے کہ شاہد 1980 میں ماسکو اولمپک کھیلوں میں طلائی، 1982 میں ایشیائی کھیلوں میں چاندی، اور 1986 میں سلور تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والی ہندستانی ہاکی ٹیم کے اہم رکن تھے۔
مزید پڑھیں:- - - -ششی تھرور کے دفتر پر بی جے پی کارکنوں کا حملہ

شیئر: