ریاض.... انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ نے واضح کیا ہے کہ مالیاتی استحقاق کے باوجود صارفین کسی بھی موبائل کمپنی سے سروس منسوخ کراسکتے ہیں۔ بورڈ نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر توجہ دلائی کہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگرموبائل کا بل انکے ذمہ ہے تو ایسی صورت میں وہ متعلقہ کمپنی سے سروس ختم نہیں کراسکتے۔ یہ سوچ غلط ہے۔ جس دن بھی صارف درخواست دے گا اسی روز سے اس پر عملدرآمد شروع ہوجائیگا۔ یہ باتیں سروس لینے اور دینے والوں کے حقوق و فرائض کی دستاویز میں واضح کردی گئی ہیں۔ بورڈ نے توجہ دلائی کہ اگر کسی صارف کو بل پر کوئی اعتراض ہو تو وہ 60دن کے اندر اس کی بابت شکایت کراسکتا ہے یہ اسکا حق ہے۔