فرانسیسی فٹبالر مباپے نے 3لاکھ 84 ہزارپونڈ عطیہ کر دیئے
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
پیرس: فیفا ورلڈ کپ 2018 جیتنے والی ٹیم فرانس کے نوجوان اسٹار کھلاڑی کیلیان مباپے نے ورلڈ کپ کی تمام آمدنی فلاحی ادارے کوعطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورلڈ کپ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا اعزاز پانے والے 19سالہ مباپے کی آمدنی فلاحی ادارے ”پریمئرز ڈی کورڈی‘ ‘کو جائے گی جو معذور اور بیمار بچوں کے لیے کام کرتا ہے۔ نوجوان کھلاڑی کو ورلڈ کپ میں 265000پونڈ کی آمدنی ہوئی جو بونس کے بعد 384000 پونڈ بنتی ہے جبکہ انہیں ورلڈ کپ میں ایک میچ کھیلنے پر 17000 پونڈ ملتے تھے۔مباپے نے کروشیا کے خلاف فائنل میں ٹیم کا آخری اور چوتھا گول اسکور کیا اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فیفا ورلڈ کپ میں مباپے کی کارکردگی اچھی رہی جہاں انہوں نے 4 گول اسکور کیے اورایونٹ میں وہ ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے۔ دوسری جانب فلاحی ادارے کے منیجر سبیسٹئن روفن کا کہنا ہے کہ مباپے ایک زبردست شخصیت ہے ،جب اس کے پاس وقت ہوتا ہے وہ خوشی سے ہمارے ادارے میں آکر اپنا وقت بچوں کے ساتھ گزارتا ہے۔ اس کی بچوں کے ساتھ بہت اچھی دوستی ہے اور وہ ہمیشہ ان کا حوصلہ بڑھاتا رہتا ہے۔