راہو ل نے وزیر اعظم مودی سے گلے مل کر ماحول خوشگوار بنا دیا
نئی دہلی- - - - -کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی پر سنگین الزامات لگائے پھر اپنی نشست سے اٹھ کر مودی سے گلے ملے اور ہاتھ بھی ملایا۔ لوک سبھا میں جمعہ کو وزیر اعظم پر سخت نکتہ چینی کرنے کے بعد غیر متوقع طورپر ان کی نشست کے پاس جاکر گلے ملے ، جس پرایوان حیرت زدہ رہ گیا پھر تالیوں اور قہقہوں سے گونج اٹھا۔ تقریر ختم ہونے پر راہول گاندھی وزیر اعظم مودی کی نشست کے پاس گئے۔ مودی نے بیٹھے بیٹھے ان سے ہاتھ ملانے کیلئے اپنا ہاتھ بڑھایا لیکن راہول نے ہاتھ ملانے کے بجائے گلے لگنے کا اشارہ کیا۔وزیر اعظم جب تک کچھ سمجھ پاتے کانگریس صدر نے خود ہی جھک کر انہیں گلے لگالیا اور وہاں سے جانے لگے تو مودی نے راہول گاندھی کو آواز دے کر اپنے پاس بلایا اور ان سے گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ وزیر اعظم نے بائیں ہاتھ سے راہول کی پیٹھ بھی تھپتھپائی۔اس غیر متوقع واقعہ پر ایوان میں زبردست قہقہہ بلند ہوا۔ اسپیکر سمترا نندن نے کہا کہ راہول جی ایوان کے کچھ قاعدے قانون ہوتے ہیں۔راہول نے اپنی نشست پر جاکر کہا یہ کانگریس اور کانگریسیوں کا انداز ہے۔ آپ ہمارے اوپر کتنا بھی کیچڑ اچھالیں ہم آپ کو گلے لگائیں گے۔راہول گاندھی نے تقریرکے دوران کئی دلچسپ جملے کہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بی جے پی والے ’ پپو‘ کہتے ہیں لیکن میں ان پر غصہ نہیں ہوتا۔