ن لیگ لاہور سے کلین سوئپ کریگی،سعد رفیق
لاہور... سابق وزیر اورمسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گالیوں اور سازشوں کے باوجود پنجاب میں(ن) لیگ کا ووٹ بنک نہیں توڑا جاسکا۔ہمارے کارکنان کے ساتھ ظلم وزیادتی کے باوجود بھی حوصلہ بلند ہے۔ نوازشریف اوران کی صاحبزادی کے ساتھ جورویہ رکھا گیا اس نے (ن) لیگ کے کارکنوں کومزید غیرمتزلزل بنا دیا۔اس مرتبہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ہی فتح یاب ہوگی ۔لاہور سے کلین سوئپ کریں گے۔تحریک انصاف میں پہلے والا جوش وولولہ نہیں رہا۔ اس کی وجہ اور کوئی نہیں بلکہ عمران خان خود ہیں ان کے جھوٹ اور یوٹرن ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں میں کچھ تو شعور آنا چاہئے کیونکہ گالی کی سیاست کچھ نہیں دیتی۔پی ٹی آئی کی قیادت سے درخواست ہے کہ وہ ہوش سے کام لیں اور اپنے کارکنان کو حد میں رکھیں انہیں مار پیٹ سے روکیں۔ہمارے کارکنان کو مارا گیا اور ا سکے خلاف تھانے میں درخواست بھی درج کی ہے۔سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں وہ پہلے والا جوش وخروش نظر نہیں آرہا اور نہ ہی ان کے جلسوں میں اتنے لوگ ہیں۔تحریک انصاف والے جلسوں میں زبردستی دور دراز سے لوگوں کو لاتے ہیں اور خود کو دھوکہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ25جولائی کو عوام صرف مسلم لیگ(ن) کو جتوائے گی۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے جانچ پڑتال کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں اتنے پیسے کہاں سے آئے کہ ایک ہی رات میں30،30 ہزار بینر لگارہے ہیں۔