Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کا 70 فیصد حج کوٹہ مکمل، اندراج جاری

مکہ مکرمہ... سعودی وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ اندرون مملکت سے پانچویں رکن کی سعادت حاصل کرنے والوں کا 70 فیصد حج کوٹہ مکمل ہوچکا ہے۔ باقی 30 فیصد کا اندراج جاری ہے۔ وزارت نے ٹوئٹر پر اپنے اکاﺅنٹ میں داخلی عازمین سے حج پروگرام کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے تجاویز ، استفسارات اور اعتراضات پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ دریں اثناءبیرون مملکت سے عازمین کے قافلوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔ ترک عازمین کا پہلا کارواں مدینہ منورہ پہنچ گیا جہاں حج اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں نے انہیں خوش آمدید کہا۔ آب زمزم ، مدینہ منورہ کا پودینہ، کھجوریں اور دیگر تحائف پیش کئے گئے۔ ترک عازمین نے شاندار استقبال پر انتہائی ممنونیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پرجوش استقبال کو اسلامی اخوت کا آئینہ دار بتایا۔ دوسری جانب محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ کر امیگریشن کی کارروائی کا جائزہ لیا۔ کوالالمپور سے آنے والے ملائیشین عازمین کے استقبالیہ پروگرام میں شریک ہوئے۔ انہوں نے امیگریشن کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عازمین کی کارروائی تیزی اور شایان شان طریقے سے بچائیں۔ یہ کام قومی فرض اور دینی واجب کے طور پر انجام دیں۔ 
 

شیئر: