سعودی عرب سے شائع ہونیوالے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
سعودی عرب یمن میں امدادی عمل اور انسانیت نوازی کا مشن چلا رہا ہے۔ یہ ایک طرح سے بین الاقوامی جدوجہد کے کارواں کی قافلہ سالاری کے مترادف ہے۔ پوری دنیا اس عمل سے مطمئن ہے۔ سعودی عرب ،یمن کے تمام عوام کی مدد بلا تفریق کررہا ہے۔ یمن کے ہر علاقے کو امدادی سامان مہیا کررہا ہے۔ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات یمن کے ایک، ایک علاقے کے لوگوں کو بنیادی ضرورتیں فراہم کرنے میں لگا ہواہے۔ یمنی بھائی اسی کی بدولت ان انسانی المیوں کی آگ میں جلنے سے بچ رہے ہیں جن کے شعلے دہشتگرد حوثیوں نے بھڑکائے تھے اور اب بھی ایرانی ملاﺅں کے دم چھلوںکی حیثیت سے فتنہ و فساد کا آتش فشاں بھڑکائے ہوئے ہیں۔ حوثی ایک طرف تو قتل و غارت گری میں لگے ہوئے ہیں۔ بچوں کو زبردستی عسکری تربیت دے رہے ہیں اور دوسری جانب امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں بھی پیدا کررہے ہیں اور یمنی بھائیوں کو بھوکا مارنے اور انہیں مزید دباﺅ میں لینے کے لئے امدادی قافلے لوٹ بھی رہے ہیں۔ سعودی عرب کے زیر قیادت عرب اتحاد اس صورتحال سے نمٹ رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یمن کی سرکاری افواج کی مدد کرکے یمن کو حوثیوں کے غلبے سے آزادی دلانے کیلئے کوشاں ہے اور مقررہ اصولوںکے مطابق سیاسی حل کی جہت میں بڑھنے پر بھی آمادہ کررہا ہے۔
پوری دنیا یمنی عوام کو مصائب کے دلدل سے نکالنے کیلئے جاری سعودی عرب کی انسانیت نواز کوششوں پر مسلسل قدرو منزلت کا اظہار کررہی ہے۔ دنیا بھر کی نظریں مملکت کے انسانیت نواز مشن پر لگی ہوئی ہیں۔ سارا جہاں اس پر قدرو منزلت کا اظہار کررہاہے۔ ہر ایک کی کوشش ہے کہ وہ یہ جانے کہ سعودی عرب نے یمن میں جو انسانی امداد کا نیٹ ورک قائم کیا ہے وہ کس قدر موثر ہے۔ یمن میں سارا امدادی عمل سعودی قیادت کی ہدایت پر انجام دیا جارہا ہے۔