جھگڑے، تصادم‘ شکایات‘ 8 پولنگ ایجنٹس گرفتار‘ ایک ووٹر ہلاک
کراچی: پاکستان میں انتخابات 2018ءکے سلسلے میں ووٹنگ کے دوران مختلف علاقوں سے سیاسی کارکنوں میں تصادم اور تکرار کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاﺅالدین سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 86 میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر 8 پولنگ ایجنٹس کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق خواتین کو گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول ممدانہ میں ووٹ ڈالنے سے روکا جا رہا تھا، تاہم اب پولنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے اور خواتین آزادانہ ماحول میں ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں۔ دوسری جانب چنیوٹ میں تھانہ بھوانہ کے علاقہ چک 221 میں دو گروپوں میں لڑائی کے بعد پولنگ کا عمل معطل کردیا گیا ہے۔ اُدھر سکھر میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھگڑے کی اطلاع پر پاک فوج کے جوان پہنچ گئے ہیں، اطلاعات کے مطابق حالات قابو میں ہیں اور پولنگ بلاتعطل جاری ہے۔ قبل ازیں پنجاب کے شہر بھکر میں گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول کلورکوٹ پولنگ اسٹیشن کے قریب 2 گروپوں میں لڑائی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم انتظامیہ اور سیکورٹی اہل کاروں نے صورت حال پر قابو پا لیا ہے۔ دریں اثنا فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 منڈی کوارٹر میں 55 سالہ ووٹر گرمی کی شدت سے جاں بحق ہوگیا۔