پاکستانی خواتین کو معاونت کی پیشکش
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے استحکام کا خواہاں ہے،جرمنی انجنیئرنگ، انرجی،کمیونیکیشن اور سیاحت کے فروغ کےلئے پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون اور معاونت کرے گا۔پاکستانی خواتین کو با اختیار بنانے اور انٹر پرنیورشپ کی طرف راغب کرنے کے لیے سفارتخانہ مدد کرے گا ،کارپوریٹ سیکٹر بزنس اور انڈسٹری میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان آر سی سی آئی نے بتایاکہ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ویمن آن کارپوریٹ بورڈ کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کو فروغ دے کر ترقی حاصل کی ہے جس میں خواتین کا حصہ نمایاں ہے پاکستان میں بھی خواتین کو کاٹیج انڈسٹری میں آگے آنا ہو گا۔
صدر چیمبر زاہد لطیف خان نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں کہا کہ پاکستان میں کاروبار میں خواتین کی شرکت بہت محدود ہے ،انہیں مواقع ،معاونت اور اچھا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔کارپوریٹ سیکٹر میں مختلف بورڈز پر خواتین کا پہنچنا حوصلہ افزا ہے۔ ویمن آن بورڈ کی چیئر پرسن مسز راحت کونین نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیڈرشپ رول میں آگے آنے کے لیے محنت اور لگن کی ضرورت ہے بزنس خاص طور پر کارپوریٹ سیکٹر میں آگے آنے کےلئے بروقت فیصلہ سازی، جدت پسندی، معاشی جہتوں پر عبور حاصل کر کے ہی نام کمایا جا سکتا ہے پاکستان میں خواتین تیزی کے ساتھ ہر شعبے میں آگے آ رہی ہیں۔
اس میں شک نہیں کہ پاکستان میں اب خواتین باشعور ہوچکی ہیں اور وہ مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں نام کما رہی ہیں۔ انکی صرف حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭