کیا آپ سرخ مرچ کے طبی فوائد سے واقف ہیں ؟
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
کچن میں استعمال ہونے والے مصالحوں میں سرخ مرچ سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے جس کے بغیر چٹ پٹے کھانوں کا تصور نا ممکن ہے ۔ ایک عام خیال یہ کیا جاتا ہے کہ زیادہ مرچ کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ سرخ مرچ میں موجود ایک نباتاتی کیمیائی مادہ کیپ سائسن درد سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ جوڑوں میں سوزش سوجن اور درد کی اہم ترین بیماریوں کی تکلیف کو کم کرنے کے لئے جو لوشن اور مرہم تیار کیے جاتے ہیں ان میں یہ کیمیائی جز شامل کیا جاتا ہے ۔ یہ لوشن اور مرہم جوڑوں اور پٹھوں کے درد اور چنبل کی خارش اور سوزش کو کم کرنے کے لیے بھی استعمال کئے جاتے ہیں ۔ سرخ مرچ کے اس کیمیائی مرکب کیپ سائسن سے بنی کریمیں سرجری کے بعد ہونے والے درد اور بعض مخصوص نوعیت کے اعصابی درد میں بھی استعمال ہوتی ہیں ۔ ادویات میں استعمال کے علاوہ سرخ مرچ کے اور بھی بہت سے طبی فوائد ہیں ۔ کھانے میں صرف مرچ پیٹ میں درد گیس اور مروڑ سے محفوظ رکھتی ہے ۔ یہ تھوک اور معدے میں کھانا ہضم کرنے والے مادوں کا اخراج بڑھا دیتی ہے جو کھانا جلد ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔ سرخ مرچ خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے اور فبرن کو حل کرکے خون میں پھٹکیاں بننے سے روکتی ہے ۔ اس کا محدود استعمال ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔اس کے علاوہ سرخ مرچ میٹابولزم کی رفتار کو بڑھا کر وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے ۔