میڈرڈ .... لیورپول کا رہنے والا 26سالہ نوجوان پچھلے دنوں اپنی سالگرہ منانے کی غرض سے یہاں آیا تھا۔ اور یہاں آتے ہی ہولناک حادثے سے دوچار ہونے کے بعد اپنی گردن تڑوا بیٹھا۔ کہا جاتا ہے کہ 26سالہ رچرڈبوڈے حادثے کے بعد سانس لینے میں سخت دشواری محسوس کرنے لگا۔ اسے اسپتال پہنچا دیا ہے مگر اس کی دوست اب واپس برطانیہ لیجانا چاہتی ہے تاکہ وہاں علاج ہوسکے۔ یہ حادثہ اسپین کے شمالی علاقے ماجوڑکا میں پیش آیا ہے۔ رچرڈ کی دوست نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مصیبت کے وقت میں اسکی مالی مدد کریں اور سردست اسے 20ہزار پونڈ کی ضرورت ہے۔ کہا جاتا ہے کہ رچرڈ نے ایک سوئمنگ پول میں چھلانگ لگا کر اپنی گردن تڑوائی ۔ جس میں اس کے اندازے سے کہیں کم پانی تھا۔ سر کے بل غوطہ لگاتے ہی اس کے ہوش ٹھکانے لگ گئے اور گردن ایک جانب کو ہوگئی۔ اسکا سانس لینا بھی مشکل ہوگیا جبکہ اسکے لئے جھکنا بھی کسی عذاب سے کم نہیں تھا۔ اب اسپتال میں اسکی دیکھ بھال کیلئے ایک نگراں کو رکھ دیا گیا ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ رچرڈ کے پاس سفری بیمہ یا یورپین ہیلتھ انشورنس کارڈ نہیں جسکی وجہ سے اسے مالی پریشانی ہے۔ ڈاکٹروں اور باخبر ذرائع کا کہناہے کہ اسے یہاں سے لیجاکر برطانیہ کے کسی اسپتال میں داخل کرنے کیلئے ہزاروں پونڈ کی ضرورت ہے۔رچرڈ کی دوست کا کہناہے کہ وہ دونوں اپنی زندگی کا سب سے بہترین دن منا رہے تھے کیونکہ یہ رچرڈ کی سالگرہ تھی مگر ذرا سی اندازے کی غلطی نے ساری خوشی غارت کرکے پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ سردست رچرڈ کا نظام تنفس بحال رکھنے کیلئے اس کے پھیپھڑے میں ایک ٹیوب لگادی گئی ہے۔ وہ اپنے سر اور بازو ہلا تو رہا ہے مگر گردن کے نچلے حصے ، سینہ اور ٹانگ میں پہلے جیسی حساسیت نہیں رہی۔ اسے کروٹ بدلنے میں بھی شدید تکلیف ہورہی ہے۔