انتخابات ختم ہوتے ہی نیب متحرک‘ شہباز اور چوہدری برادران طلب
لاہور: 25 جولائی کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد قومی احتساب بیورو ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو 20 اگست، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کو 16 اگست کو طلب کر لیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کو پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست صبح11 بجے نیب تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا ہے ۔نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کو پہلے بھی صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکاہے ۔ دوسری جانب چوہدری شجاعت اورچوہدری پرویز الٰہی کو غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے ، پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے ممکنہ امیدوار عبدالعلیم خان کو بھی 30 جولائی تک اپنی غیر ملکی کمپنیوں کی تفصیلات نیب میں جمع کرانی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور نے اپنے عملے کو سیاستدانوں کے خلاف اہم کیسوں پر کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ مونس الہٰی کو بھی 30 جولائی تک اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔