عمران طاہر نے ہند نژاد اہلیہ کی شرط پر پاکستان چھوڑا
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
کیپ ٹاون: جنوبی افریقہ کے معروف پاکستان نژاد لیگ اسپنر عمران طاہر کی بولنگ کے سب ہی قائل ہیں تاہم یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ انہوں نے ایک ہند نژاد جنوبی افریقی لڑکی سے شادی کے لئے پاکستان کو خیرباد کہ کر جنوبی افریقہ کو اپنا نیا ملک بنایا تھا۔ لاہور میں 28مارچ 1979 ءکو پیداہونے والے عمران طاہر نے اسکول کی تعلیم کے ساتھ ہی کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی۔ وہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں ۔ جب 1998 میں پاکستانی ٹیم انڈر 19ورلڈکپ کھیلنے کیلئے جنوبی افریقہ گئی تو وہاں عمران کی ملاقات ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ سمیّہ دلدار سے ہوئی۔جنوبی افریقہ میں سمیّہ سے ملاقات کے دوران جب عمران طاہر نے انہیں شادی کی پیشکش کی تو سمیّہ نے شرط عائد کردی کہ وہ جنوبی افریقہ چھوڑ کر پاکستان نہیں جائیں گی۔عمران طاہر نے اہلیہ کی شرط پرمجبور ہو کر جنوبی افریقہ منتقل ہونے کا ارادہ کرلیا اور اس طرح انہوں نے 2006میں پاکستان کو الوداع کہہ دیا اور جنوبی افریقہ کے ہوگئے۔ عمران طاہر گزشتہ 5سال سے جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں ۔عمران طاہر کی سمیّہ دلدار سے شادی کو 10برس ہو چکے ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام جبران ہے۔ یہ خاندان جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاون میں رہائش پذیر ہے۔