تحریک انصاف نمبر زگیم میں آگے
اسلام آباد...تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاق میں 168اور پنجاب میں 180ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔حکومت سازی کے لئے مطلوبہ نمبرز حاصل کرلئے ۔پنجاب میں وزیراعلی تحریک انصاف کا ہوگا، ق لیگ ایک فارمولے کے تحت ساتھ ہوگی ۔اتحادیوں کو کابینہ میں شامل کیا جائےگا۔فیصلہ سازی کا اختیارصرف عمران خان کے پاس ہے ۔وزیراعلی پنجاب اور خیبر پختونخوا اور دیگر وزارتوں کا فیصلہ عمران خان کریںگے۔ پیر کو بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مزید ارکان کی شمولیت متوقع ہے ۔ وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی میں کسی چیلنج کا سامنا نہیں ۔انہوں نے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دینے کے ساتھ وفاق اور صوبہ پنجاب میں اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے جبکہ ایک فارلاطے پایا ہے جس کے تحت ان کو مرکز میں نمائندگی دی جائے گی ۔فواد چوہدری نے چوہدری پرویز الہی کے لئے ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کی آئین میں گنجائش موجود نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب بھی صرف تحریک انصاف کا ہوگا۔ ہماری تمام سیاست اور کامیابی عمران خان کی امانت ہے ہر لحاظ سے ان کا فیصلہ حتمی ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت میں شامل ہوں گے ۔ خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائےں گے ۔فواد چوہدری نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت جی ڈی اے اور دیگر جماعتیں ہمارا ساتھ دیں گی ۔ وفاقی حکومت کے لئے مطلوبہ تعداد باآسانی پوری ہوجائے گی ۔