Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر کے انحطاط کا سلسلہ بلا انقطاع جاری

سعودی عرب سے شائع ہونے والے جریدے ”الریاض“ کا اداریہ
بیرونی دنیا سے قطر کے تعلقات کی بابت قطری حکومت کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ میں سے کوئی ایک بھی آپ کو ایسا نہیں ملے گاجسے آپ الجزیرہ چینل پر نہ دیکھتے ہوں۔ قطری حکومت کی ہر رپورٹ اور ہر خبرالجزیرہ چینل کا اٹوٹ حصہ بنی ہوئی ہے۔ 
الجزیرہ چینل کے تمام پروگرام اور خبرنامے انسداد دہشتگردی کے علمبردار عرب ممالک کی توہین کرنے والی خبروں اور رپورٹوں سے بھرے رہتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ قطری میڈیا اپنے یہاں سے نشر کی جانے اور دکھائی جانے والی ایسی کسی بھی خبر اور کسی بھی رپورٹ کا جواب اپنے قارئین اورناظرین کو پیش نہیں کرتا جس کی تردید بیرونی دنیا کی طرف سے کردی جاتی ہو۔ مثال کے طور پر قطری میڈیا نے جرمن وزیر دفاع کے نام سے ایک بیان منسوب کرکے پیش کیا۔ جرمن وزارت د فاع نے اس کی تردید کی۔ اسی طرح قطری میڈیا نے العدید ایئربیس میں توسیع سے متعلق معاہدے کی خبر جاری کی۔ امریکہ نے اس کی تردید کردی۔ قطری میڈیا نے دونوں میں سے کسی کی تردید بھی پیش نہیں کی۔
قطر کی دروغ بیانیوں کا سلسلہ بڑھتا چلا جارہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ قطری میڈیا اپنے اطراف چھائے ہوئے بحران سے نکلنے کیلئے مکمل جعلسازی پر عمل پیرا ہوگیا ہے۔ قطر کا سیاسی ماحول اقتصادی اور ثقافتی فضا اسے پوری دنیا سے الگ تھلگ کئے ہوئے ہے۔
توجہ طلب امر یہ ہے کہ قطر کے فیصلہ ساز اپنے میڈیا کو غیر اخلاقی اور غیر پیشہ ورانہ راستے پرچلتے رہنے کے احکام جاری کئے ہوئے ہیں۔ صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ الجزیرہ کی دروغ بیانیاں اکثر اوقات مضحکہ خیز شکل اختیار کر جاتی ہیں۔
قطر کی پالیسی کو خوبصورت بناکر پیش کرنے اور دنیا بھر کے ممالک کیساتھ قطر کے تعلقات کو مضبوط دکھانے کا منصوبہ قطری خزانے کیلئے درد سری کاباعث بن چکا ہے۔ اس پر اربوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔ قطر نے اس شاہراہ پر چلنے کا فیصلہ کرکے اپنے لئے آفت مول لے لی ہے۔ اسے ہر سطح پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ چشم کشا حقائق قطر کے حکمرانوں کے ذہن سے میل نہیں کھاتے۔ قطر کی اصل مشکل یہی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: