دہلی میں آج سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری
نئی دہلی۔۔۔۔ہتھنی کنڈ بیراج سے مسلسل پانی کے اخراج سے منگل کی صبح جمنامیں سطح آب 206میٹر تک پہنچ گئی۔امداد و راحت رسانی کی ٹیمیں دریائے جمناکے نشیبی علاقوں میں آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر قائم کیمپوں میں منتقل کرنے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے اور کیمپوں میں کئے گئے انتظامات راحت کے کاموں کا جائزہ لیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے کیجریوال حکومت پر الزام لگایا کہ سیلاب متاثرین کیلئے مناسب اور معیاری بندوبست نہیں کیا جارہا ہے۔اے ڈی ایم اجے کمار نے بتایا کہ پیر کو دریائے جمنا میں سطح آب205.63میٹر ریکارڈ کی گئی تھی، آج منگل کو ہتھی کنڈ بیراج سے 37976کیوسک پانی چھوڑا گیا جس سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے اور علاقے میں الرٹ جاری کردیا گیا۔محکمہ آبپاشی کے افسران نے بتایا کہ جب تک ہتھنی کنڈ بیراج سے پانی چھوڑنے کا عمل بند نہیں کیا جاتا تب تک دریائے جمنامیں سطح آب میں کمی نہیں آسکتی۔ ہاتھی گھاٹ ، سی این جی اسٹیشن اور مغربی دہلی کے شاہدرا میں بھی سیلاب سے متاثرین کیلئے کیمپ قائم کئے گئے ہیں ۔ آج شام تک حالات سازگار ہونے کا امکان ہے۔