گروگرام: شرپسندوں نے مسلم نوجوان کی جبراً داڑھی منڈوادی
گروگرام ۔۔۔۔ہریانہ کے گروم گرام میں ایک مسلمان لڑکے ظہیرالدین کو چند شرپسندوں نے پکڑ کر اس کے ساتھ بدسلوکی کی۔ بعد ازاں صالون میں لے گئے ۔ نائی نے اس کی داڑھی کاٹنے سے انکار کیا تو شرپسندوں نے اسے بھی زدوکوب کیا اور نوجوان کو کرسی پر باندھ کر زبردستی داڑھی منڈوائی۔متاثرہ نوجوان میوات کے بادلی گاؤں کا رہنے والا ہے۔ وہ گرو گرام منڈی میں سبزیاں خریدنے آیا تھا۔ظہیرالدین نے بتایا کہ منڈی میں اچانک شرپسند نوجوانوں نے پکڑلیا۔ انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ ہم مسلمان ہیں، ہمارے مذہب میں داڑھی کی بہت اہمیت ہے پھر بھی نہیں مانے اور مار پیٹ شروع کردی ان میں سے ایک نوجوان نے نائی کی دکان سے قینچی لیکر داڑھی کاٹ دی۔نوجوان نے گروگرام کے سیکٹر 37پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے جس کی بنیاد پر پولیس نے تفتیشی کارروائی شروع کردی۔ یاد رہے کہ گروگرام میں 6ماہ قبل نماز پڑھنے کے معاملے پر کافی تنازعہ پیدا ہوا تھا۔ بعد میں انتظامیہ اور سماجی تنظیموں کی کوششوں سے مسئلہ حل کرکے تنازع ختم کیا گیا۔