کیریئر کی بہترین اننگز آسٹریلیا میں کھیلی ، ویرات کوہلی
برمنگھم:ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں اپنی سنچری کو کیریئر کی دوسری بہترین اننگز قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف 141رنز کو کیریئر کی بہترین اننگز شمار کرتے ہیں۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایڈیلیڈ میں ہم دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب کررہے تھے اور مجھے علم تھا کہ کیا کرنا ہے ۔ جہاں تک انگلینڈ میں پہلی ٹیسٹ سنچری اور بیٹنگ لائن کو مکمل تباہی سے بچانے کا تعلق ہے تو یقینی طور پر یہ اعزاز ہے لیکن اس میں ٹیم کے لوئر آرڈر کا بھی بنیادی کردار ہے ۔ پہلے ہردک پانڈیا اور پھر ایشانت شرما کے بعد امیش یادو نے جس طرح انگلش بولرزکا مقابلہ کیا اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔کوہلی نے کہا کہ انہیں 149رنز پر اپنے آوٹ ہوجانے کا افسوس ہے اور ان کا خیال تھا کہ وہ ٹیم کو کسی حد تک برتری دلانے میں کامیاب رہیں گے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ایک سوال پر ہندوستانی کپتان نے کہا کہ وہ اپنے بارے میں ہونے والی تنقید یا تعریف کی پروا نہیں کرتے ، ان کے لئے ٹیم کی کامیابی زیادہ اہم ہے اور وہ اسی کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا ایک زمانے میں ان کے لئے یہ چیزیں اہمیت رکھتی تھیں لیکن اب وہ اس پر کوئی توجہ نہیں دیتے ۔کوہلی نے کہا شاید لوگ میری اس بات کو جھوٹ بھی سمجھیں گے لیکن حقیت یہی ہے کہ مجھے علم نہیں کہ میرے بارے میں کیا کہا اور کیا لکھا جا رہا ہے ۔ میری پوری توجہ اسی بات پر مرکوز ہے کہ میں اپنی ٹیم کیلئے وہ سب کچھ کرسکوں جو ممکن ہو سکتا ہے۔