کیریبیئن پریمیئر لیگ میں 10 پاکستانی کرکٹرز شریک
جمیکا:کیریبیئن پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 8اگست سے ہو رہا ہے۔ اس میں 10 پاکستانی کرکٹرز شرکت کریں گے۔کیریبئن پریمیئر لیگ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل پاکستانی کرکٹرز کو لیگ میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کردیا تھا ۔ 16ستمبر تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں 6ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ 5 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں ۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس وہ واحد ٹیم ہے جس میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔پاکستان کے3 بہترین فاسٹ بولرز جنید خان، وہاب ریاض اور محمد عرفان بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی نمائندگی کریں گے جبکہ شعیب ملک اور سہیل تنویرگیانا ایمازون واریئرز کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کیلئے کھیلنے والے عماد وسیم اور شاہد آفریدی جمیکا تلاوا زکیلئے صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے ۔ شاداب خان ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کیلئے کھیلیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے کھیلنے والے رومان رئیس، حسین طلعت اور محمد سمیع کی خدمات سینٹ لوشیا اسٹارز نے حاصل کی ہیں۔ایونٹ کے گزشتہ سیزن میں سہیل تنویر 12 میچوں میں 17وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے اور وہ لیگ میں سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔