ویسٹ منسٹر.... ویسٹ منسٹر کے علاقے میں رہنے والی 37سالہ خاتون جو تندرست اور توانا تھی۔ مرغی کا کچا گوشت کھا کر ہلاک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نتالی نامی 37سالہ خاتون شوہر اور دو بچوں کے ہمراہ تعطیلات گزارنے یونان گئی تھی اور وہاں کسی ہوٹل میں مرغی کے کچے گوشت کا ایک لقمہ کھا کر پہلے تو فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوئی اور پھر موت کے منہ میں چلی گئی۔ باخبر ذرائع کے مطابق خاتون کی موت کے بعد یہ معاملہ پولیس نے اپنے ہاتھ میں لے لیا اور بات عدالت تک جاپہنچی۔ جہاں استغاثہ نے یہ بتایا کہ 37سالہ نتالی انتہائی تندرست اور توانا خاتون تھی مگر جیسے ہی اس نے ناپختہ قسم کی مرغی کا گوشت کا ایک لقمہ لیا اسکی حالت تیزی سے بگڑنے لگی۔ جسم کی تمام شریانوں میں خون منجمد ہوگیا اور اسکی حالت اتنی خراب ہوئی کہ اسے اسپتال پہنچانا پڑا جہاں وہ فوت ہوگئی۔ استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ بدترین فوڈ پوائزنگ کا معاملہ ہے جس میں زہر خورانی کی وجہ سے صرف 36گھنٹے میں خاتون کی موت واقع ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ خاتون نے مرغی کے کچے گوشت کا لقمہ ہوٹل کے ریستوران میں کھاتے ہوئے استعمال کرلیا تھا جو ویٹروں کی غلطی سے انکی میز پر رکھ دیا گیا تھا۔