عمران خان نیب میں پیش‘ سوالنامہ تیار
پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنے خلاف ہیلی کاپٹر کیس کے سلسلے میں نیب کے پشاور دفتر میں پیش ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے اس موقع پر 15 سوالات پر مشتمل سوال نامہ عمران خان کو دیا جائے گا۔ اس سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک اور ایوی ایشن حکام کے بیانات بھی قلم بند کیے جا چکے ہیں۔ قبل ازیں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر نوٹس لیا تھا جس کے بعد 3 اگست کو نیب (کے پی کے) نے انہیں صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے الزام میں طلب کیا تھا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے فی گھنٹہ کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے ۔ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان اگر پرائیویٹ کمپنیوں سے ہیلی کاپٹرز حاصل کرتے تو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جب کہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔