راجرز کپ : ڈوکووچ، واورینکا اور راونک دوسرے راونڈ میں
مونٹریال :نوواک ڈوکووچ ، اسٹانسلاس واورینکا اور میلوس راونک فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کے دوسرے راونڈ میں پہنچ گئے۔ مرین کلچ اور گریگور دمترف پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئے۔ کینیڈا میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پہلے راونڈ میچز میں سربین اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک ڈوکووچ نے بو سنیائی کھلاڑی مرزا باسک کو 6-3 اور 7-6 سے ہرا کر دوسرے راونڈ میں جگہ بنائی۔ سوئس کھلاڑی واورینکا بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہے۔ انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑی نک کرگیوس کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ میزبان کھلاڑی میلوس راونک نے ڈیوڈ گوفن کو شکست دے کر دوسرے راونڈ تک رسائی حاصل کی۔ ہالینڈ کے روبن ہاس نے جاپان کے کائی نیشکوری کو زیر کر کے دوسرے راونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ مینز سنگلز کے سلسلے میں کھیلے گئے دوسرے راونڈ میچز میں مرین کلچ نے بورنا کورک کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ فتح کے ساتھ ہی کلچ پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئے۔ گریگور دمترف نے فر نینڈو ورڈسکو کو زیر کر کے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ دریں اثناء سام کیوری اور راجیو رام پر مشتمل امریکن جوڑی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔