نئی دہلی... ہزار اور 500 کے نوٹوں کی منسوخی کے بعد جس تیزی کے ساتھ نئے نوٹوں کی چھپائی کا عمل جاری ہے اس کے پیش نظر ریزرو بینک آف انڈیا کو فاضل کرنسی پیپر کی ضرورت پڑ گئی ۔ ریزرو بینک نے اس سلسلے میں اپنا اسٹاک چیک کرلیا ۔ایک اندازے کے مطابق تقریباً 20 ہزار ٹن کرنسی پیپر درآمد کیا جائےگا۔ وزارت خزانہ کے اجلاس میں جس کی صدارت سیکریٹری اقتصادی امور شکتی کان داس نے کی اس بات کا فیصلہ کیا گیاہے کہ کرنسی پیپر فوری طور پر درآمد کیا جائے۔ ریزرو بینک سالانہ 18 ہزار ٹن کرنسی پیپر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ ہنگامی حالات کے پیش نظر 18 ہزار ٹن کرنسی پیپر کم ہے حالانکہ سالانہ رپورٹ کے مطابق اس 18 ہزار کی مقدار میں سے صرف 8 ہزار ٹن کرنسی پیپر ہی استعمال کیا جاتا ہے مگر نوٹوں کی منسوخی سے جس طرح 2 ہزار روپے کے نئے نوٹ چھاپے جارہے ہیں۔ 500 کے نئے نوٹ بھی چھپنے شروع ہوگئے ۔ ریزرو بینک اور وزارت خزانہ دونوں کے ذرائع نے بتایا کہ 9 کمپنیوں سے اگلے ہفتے کرنسی پیپر خریدنے کیلئے ٹینڈرز طلب کئے جاسکتے ہیں۔