پاکستان ہاکی ٹیم کا عروج میرا خواب ہے، نوید عالم
لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و ڈومیسٹک اولمپئن نوید عالم نے کہا ہے کہ مالی مشکلات کے باوجود پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کے اراکین اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کرکے ان سے کیا ہوا وعدہ پورا کردیا اور اب کھلاڑیوں کو بھی چاہئے کہ وہ پوری محنت سے ایشین گیمز کیلئے تیاری کریں اور گولڈ میڈل جیت کر لائیں ۔ نوید عالم نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں اور ٹیم ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔میدان میں پرفارمنس کے ساتھ ساتھ جیت کا جذبہ بھی بہت ضروری ہے اور ان شاءاللہ ایشین گیمز میں ٹیم ہندکے خلاف پورے جذبے سے میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہاکی کے کھیل کی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ اسپانسر اداروں کی مدد کی بھی ضرورت ہے ۔ پی ایچ ایف فنڈز کے حوالے سے اسپانسرز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔نوید عالم نے کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح میرا خواب بھی ہے کہ قومی ہاکی ٹیم اپنا کھویا ہوا عروج واپس حاصل کرے اور اللہ کی ذات پر پورا بھروسہ ہے کہ اس خواب کی تعبیر ضرور ملے گی ۔ آئندہ حکومت کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ قومی کھیل ہاکی کی طرف بھی بھرپور توجہ دے گی ۔