وزیر اعظم کی جانب سے’’ جن دھن‘‘ کھاتیداروں کو 15اگست پرتحفہ
نئی دہلی۔۔۔۔سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی 15اگست کو لال قلعہ سے اپنے خطاب میں 32کروڑ جن دھن اکاؤنٹ کے حامل افراد کیلئے تحفے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ایک سینیئر افسر نے اس بات کی اطلاع دی جس کے مطابق اوورڈ رافٹ کی سہولت دگنی کرکے 10000روپے کی جاسکتی ہے۔ 6ماہ تک کھاتا صحیح طور پر چلنے کے بعد 5ہزار روپے تک اوورڈرافت کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پرکشش مائیکرو انشورنس اسکیم کا بھی اعلان کرسکتی ہے۔ روپے کارڈ کے حامل افراد کو مفت حادثاتی بیمہ کی رقم ایک لاکھ سے زیادہ کی جاسکتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’’جن دھن ‘‘اسکیم کا دوسرا مرحلہ 15اگست کو مکمل ہوگا۔ سرمایہ کاری مہم کے تحت وزیر اعظم نے جن دھن اسکیم کا آغاز اگست 2014میں کیا تھا اس کا پہلا مرحلہ 14اگست 2015کو مکمل ہوا تھا۔ گزشتہ 4برسوں میں اس اسکیم کے تحت32.25کروڑ بینک اکاؤنٹ کھولے گئے جن میں 8067482روپے جمع کئے گئے۔ علاوہ ازیں حکومت اٹل پنشن اسکیم کے تحت پنشن کی حد 5000سے بڑھا کر 10000روپے کرسکتی ہے۔واضح ہوکہ 14اگست ان اسکیموں کے متعلق عوامی سہولتوں کے اعلان کا بہترین موقع ہے۔