دلہن کی تیاری کےلیے چند مددگار تجاویز
شادی کا لباس آپ کی شخصیت کا عکاس ہونا چاہیے ۔ بے حد بھاری بھرکم جوڑا ہرگز منتخب نہ کریں ۔ عروسی جوڑے کا وزن دلہن کو دباؤ اور تکلیف میں مبتلا کرسکتا ہے ۔ نفیس اور ہلکے پھلکے کام والا جوڑا منتخب کریں اور اس کے ساتھ ایسے زیور ات کا انتخاب کریں جو لباس کی دلکشی بڑھانے میں مددگار ہوں ۔
عروسی جوڑا کئی ماہ پہلے منتخب کرلیں ۔ اس طرح آپ کو پرسکون ہو کر اپنی صحت اور فٹنس پر دھیان رکھنے کا موقع ملے گا ۔ دلہن کو چاہیے کہ شادی کی تاریخ طے ہوتے ہی سب سےپہلے عروسی جوڑا منتخب کر لے ۔ اس
کی سلائی کڑھائی ، ڈیزائن سب طے کرکے جلد از جلد تیار کروالے ۔ باقی تیاریاں تو شادی کے دن تک بھی جاری رکھی جا سکتی ہیں ۔ عروسی جوڑا تیار ہونے کے بعد اس کے فٹنگ چیک کرنا بہت ضروری ہے ۔ شادی سے دس دن پہلے مزید ایک بار فٹنگ چیک کرلیں تاکہ اگر کچھ ردوبدل کرنا ہو تو ممکن ہو سکے ۔
دلہن کی ناک میں نوز رنگ بہت اچھی لگتی ہے لیکن اگر ناک کاچھید زخم بن گیا تو نتھ پہننے کا سارا مزا خراب ہو جائے گا اور تکلیف بھی بہت ہوگی ۔ اس لئے ضروری ہے کہ ناک چھدوانے کا کام شادی سے کم از کم چھ ماہ پہلے کر لیں تاکہ شادی کے دن ناک میں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اور بھاری نتھ پہننے سے بھی یہ زخم سے محفوظ رہے ۔
شادی کے دن کیلئے انتہائی آرام دہ سینڈل منتخب کریں ۔ دلہن بننے کا مطلب یہ نہیں کیا پسندیدہ ہیل پہننے کے لیے یہ سوچ کر آرام پر سمجھوتہ کرلیں کہ بس بیٹھا ہی ہوگا ۔ بے آرام سینڈل بیٹھے رہنے پر بھی شدید تکلیف کا باعث بنتی ہے ۔
شادی پر آپ کو کس طرح کا میک اپ کروانا ہے یہ پہلے سے طے کرکے اپنی میک اپ آرٹسٹ کو بتا دیں ۔ شادی سے پہلے ایک مرتبہ اپنا ویڈنگ لک ٹرائی کرلیں ۔ اور اپنی شخصیت اور پسند کے مطابق میک اپ اور ہیئر اسٹائل کا انتخاب کرلیں ۔ اور شادی کے دن کسی کے بھی کہنے پر اپنا ویڈنگ لک تبدیل نہ کریں ۔ اپنا طے شدہ انداز ہی اپنائیں ورنہ یہ آپ کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے ۔