ووٹ کی چوری کا حساب لیں گے ،شہباز شریف
اسلام آباد... مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ دھاندلی کر نے والوں کو بھاگنے نہیں دینگے ۔بطور احتجاج ایوان میں آئے ہیں ۔ووٹ کی چوری کا حساب لیں گے ۔پارلیمنٹ پر لعنت نہیں بھیجیں گے ا ورنہ اس پر حملہ کرینگے ۔دھاندلی میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ہمارے سوالات کا جواب نہ آیا تو تحریک چلائیں گے ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے قائد ایوان کے امیدوار شہباز شریف نے کہاکہ یہ کیسا الیکشن ہے کہ ہم 2018 کے الیکشن کو یوم آزادی کے جشن میں شریک نہ کر سکے۔ یہ کیسا الیکشن تھا جو ای سی پی کی ذمہ داری تھی مگر وہ مکمل طور پر ناکام رہا ۔چترال سے لیکر کراچی تک رات 11 بج کر 47 منٹ پر آر ٹی ایس مشینیں زبردستی بند کر دی گئیں۔ یہ کیسے الیکشن تھے کہ پورے پاکستان میں ہر حلقے سے پولنگ ایجنٹس کو نکال کر گنتی کی گئی ۔بہت سے ایسے حلقے تھے جہاں پر مسترد ووٹوں کی تعداد جیت سے زیادہ تھی ۔ فارم 45 کی جگہ پولنگ ایجنٹس کو کچی پرچیاں تھما دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسا الیکشن تھا کہ3 دن تک الیکشن کے نتائج نہیں آئے ۔جہاں میڈیا کو پولنگ اسٹیشنز میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ دیہات کے نتائج پہلے آئے ۔ شہروں کے نتائج 48 گھنٹے بعد بھی نہ آئے ۔ ووٹنگ کی رفتار کو دانستہ طور پر سست کیا گیا۔ پورے پاکستان میں تاریخ کے سب سے زیادہ 16 لاکھ ووٹ مسترد کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسا الیکشن تھا کہ گلی اور محلوں کے نالوں سے بیلٹ پیپرز برآمد ہو رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پہلا الیکشن ہے جہاں پر جیتنے والا بھی رو رہا ہے اور ہارنے والا بھی رو رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آج حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے اور تیسرے فریق سے اس کا آزادانہ آڈٹ کرایا جائے ۔ ذمہ داروں کو پتہ چلا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔شہباز شریف نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب! آپ نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ کہا تھا کہ اگر دھاندلی ثابت ہوئی تو نواز شریف کی حکومت مستعفی ہو گی۔ کیا آپ آج اپنے ان الفاظ کو خود پر لاگو کریں گے۔ آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ ووٹ کی چوری کا حساب لیں گے۔