مانگ ٹیکا اگرچہ دلہن کے زیور کا خاص حصہ ہے تاہم بدلتے مزاج فیشن اور انداز کے ساتھ اب یہ صرف شادی کے دن تک ہی مخصوص نہیں رہ گیا بلکہ عام تقریبات میں لان اور کاٹن کے سادہ ملبوسات کے ساتھ بھی لڑکیاں مانگ ٹیکا لگا سکتی ہیں ۔ مناسب لباس کے ساتھ دلفریب زیور کا انتخاب ہر موسم میں رنگ و روپ کی بہار لے آتا ہے ۔
مانگ ٹیکا کا روایتی انداز آج جدت کے ساتھ ڈیزائن کیا جاتا ہے ۔ ان میں کندن مانگ ٹیکا ، چاند مانگ ٹیکا اور رنگین موتی اور نگینے سے سجا مانگ ٹیکا سب سے خاص ہے جنہیں اپنی پسند کے مطابق ڈیزائن کروایا جاسکتا ہے ۔ بس اس بات کا خیال رہے کہ وہ آپ کے چہرے کی بناوٹ کیلئے مناسب ہو ۔ اگر آج کل کے مقبول ڈیزائنز کی عام تقریبات میں استعمال کی بات کی جائے تو مغل مانگ ٹیکا مغلیہ زیورات کی شان لیے نفاست سے بھرپور انتخاب ہے ۔ کشادہ پیشانی کے لیے یہ ڈیزائن بہترین ہے ۔ مغل مانگ ٹیکا دیکھنے میں کسی چھوٹی طشتری جیسا نظر آتا ہے ۔ اس کا ڈیزائن بھاری بھرکم مگر اس پر کی گئی ڈیزائننگ نفیس اور باریک ہوتی ہے ۔ گول چہرے پر اس کی سج دھج دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے ۔
چاند مانگ ٹیکا کا اپنا ایک منفرد شاندار انداز ہے ۔ چاند ڈیزائن پر مبنی اس مانگ ٹیکے کو چاند بالی کی طرح مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اور شادی بیاہ کے موقع پر اسے خاص طور پر اپنایا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ ہلال مانگ ٹیکا بھی کشادہ پیشانی پر چودھویں کے چاند سا دکھائی دیتا ہے ۔ اسے ماتھے پہ سجا کے یوں محسوس ہوتا ہے گویا آسمان کی بہار زمین پر اتر آئی ہو ۔ کندن کے زیورات ہمیشہ فیشن میں ان رہتے ہیں ۔ کندن کے مانگ ٹیکے کو چہرے کی مناسبت سے باآسانی اپنایا جا سکتا ہے ۔ یہ روایتی سفید اور سنہری رنگ میں تیار کیے جاتے ہیں اور ان میں چمک دمک کے بجائے سادگی نمایاں ہوتی ہے ۔
ان تمام مانگ ٹیکوں کی سج دھج اپنی جگہ ، لیکن اگر آپ فیشن میں نازکی کی قائل ہیں تو نازک سا لاکٹ مانگ ٹیکا جو ایک لڑی پر مشتمل ہو آپ کی انفرادیت کو ظاہر کرنے کے لئے بہترین ہے ۔ یہ نازک سا مانگ ٹیکا سونے سے تیار کیا گیا ہو یا موتی اور نگینے سے اسکی نفیس نازکی اس کی خوبصورتی کو ظاہر کرتی ہے ۔