Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو اقبال چوہدری انتقال کرگئے

 
کینسر میں مبتلا تھے،لاہور میں تدفین ہوگی، ندیم ندوی و دیگر کااظہار تعزیت
مسرت خلیل۔ جدہ
  سعودی عرب میں شائقین کرکٹ کی معروف تنظیم جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن (جے سی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد اقبال چوہدری کینسر کے مرض کے باعث بروز منگل لاہور میں75برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی تدفین آج جمعرات کو لاہور میں ہوگی۔ انھوں نے پسماندگان میں بیوہ ،2بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔ محمد اقبال چوہدری نفیس اور خوش مزاج انسان تھے۔ انھیں پاکستانی سمیت دیگر تمام کمیونٹی میں یکساں مقبولیت حاصل تھی۔ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ان کے انتقال سے سعودی کرکٹ کی دنیا انتہائی باکمال انتظامی امور کے ماہر سے محروم ہو گئی۔ اسپورٹس کے ساتھ ساتھ انکی سماجی اور رفاہی خدمات بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کے انتقال پر سعودی کرکٹ کے سی ای او ندیم ندوی، جے سی اے کے صدر اعجاز احمد خان، دیگر کرکٹ کی تنظیموں عہدایداران اور کھلاڑی، جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیرمحمد خاں، صدر شاہد نعیم، ایگزیکٹو ممبران ابصارسید، خالد خوشید، محمد عامل عثمانی ، سید مسرت خلیل، اسد اکرم اور دیگر نے پسماندگان سے دلی تعزیت کی ہے اوردعا کی اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ اردونیوز و ملیالم نیوز کے ایڈیٹر انچیف طارق مشخص نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اقبال چوہدری انتہائی رحمدل شخصیت کے مالک تھے۔ ہر ایک سے بڑی محبت اور پیار سے ملاقات کیا کرتے تھے۔ کرکٹ سے انہیں جنون تھا۔ انہیں جو کام بھی سونپا گیا انتہائی محبت اور خلوص سے انجام دیا۔ 
 

شیئر: