Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کی تعمیر نو

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی عرب نے یمن کی تعمیر نو کیلئے المہرہ صوبے میں 133ملین ڈالر کی لاگت سے 8ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھوا دیا۔ سعودی عرب یمن کی تعمیر نو کیلئے عظیم الشان پروگرام روبعمل لا رہا ہے تاکہ ایرانی سازش سے پھیلنے والی تباہ کاری اور تخریب کاری کے بدترین آثار سے یمن کو نجات دلائی جاسکے۔ المہرہ میں میڈیکل سٹی اور یونیورسٹی قائم ہوگی۔ ایئرپورٹ اور بندرگاہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ سڑکوں کی اصلاح و مرمت ہوگی۔ آبی اداروں میں توسیع ہوگی۔ انہیں استعمال کے قابل بنایا جائیگا۔ برقی توانائی کی فراہمی کا بندوبست ہوگا۔ ان منصوبوں کی بدولت المہرہ سمیت یمن کے تمام صوبوں کے مطلع پر امید کا سورج طلوع ہوگا اور ایرانی سازشوں سے متاثر علاقوں پر چھائی ہوئی مایوسی کی فضا ختم ہوگی۔ 
مذکورہ منصوبے ایسے ہیں جن کا یمنی شہریوں کی یومیہ زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ ان منصوبوں کی بدولت اقتصادی کارواں حرکت میں آئیگا۔ روزگار کے مواقع مہیا ہونگے۔ سعودی عرب یمن کے تمام علاقوں میں اسی قسم کا ماحول برپا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی نے نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے دل میں اٹھنے والی کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یمن میں ہر شعبے میں سعودی عرب ہی قافلہ سالار ریاست کا کردارادا کررہا ہے۔ یہ ایسی حقیقت ہے جسکا ادراک یمن کے تمام باشندوں کو ہے اور وہ اس پر سعودی عرب کے لئے ممنونیت کے جذبات رکھتے ہیں جبکہ شیطان کے ہاتھوں خود کو بیچنے والوں کی کوشش مملکت کی شناخت مٹانے اور اسکی حیثیت گرانے کی ہے۔ یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی بار بار سعودی عرب کا تذکرہ اسی انداز سے کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ جب جب ہمیں جس جس میدان میں تعاون کی ضرورت پڑی سب سے پہلے سعودی عرب ہی ہماری مدد کیلئے آگے بڑھ کر آیا۔ حقیقت یہی ہے کہ تمام محب وطن یمنی اسی قسم کے جذبات و احساسات رکھتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: