Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’پاکستان آرمی چیف سے گلے مل کر سدھو نے بھائی چارہ کی مثال پیش کی‘‘،راج بھر

لکھنؤ۔۔۔۔اترپردیش کی یوگی حکومت میں کابینہ وزیراوراتحادی پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھرنے سنت کبیر نگر میں رام مندر کے مسئلے اورنوجوت سنگھ سدھو کے پاکستان کے دورے پراپنی رائے دی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کےپاکستان جانے میں کوئی برائی نہیں۔ سدھو بھی کرکٹر رہے ہیں اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان بھی ۔راج بھر نے  کہا کہ پاکستانی فوج کےسربراہ سے گلے مل کر نوجوت سنگھ سدھو نے بھائی چارے کی مثال قائم کی۔ اس میں کوئی حرج نہیں ۔ اوم پرکاش راج بھرنے کہا کہ مودی جی جاکر چادر چڑھاتے ہیں تو کوئی بات نہیں ہوتی۔ نوجوت سنگھ سدھو چلے گئے تو ہنگامہ کیوں برپا ہورہا ہے۔؟انہوں نے کہا کہ جتنا ہنگامہ سدھو کے پاکستان جانے پر ہورہا ہے، اگر اتنی بحث ریاست میں تعلیم اور روزگار دینے کے لئے ہوتی تو بات سمجھ میں آتی، لیکن بعض لو گ ہندوستان - پاکستان اور ہندو - مسلم کی ہی سیاست کر تے رہتے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے رام مندرپردیئے گئے بیان پر کہا کہ سادھو سنت ناراض ہیں اورجگہ جگہ احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے حل کے 2ہی راستے ہیں۔ ایک آپسی رضا مندی ،دوسرا عدالت کا فیصلہ، تیسرا کوئی متبادل نہیں ۔ وہیں رام مندر بننے کے سوال پر اوم پرکاش راج بھر نے پوچھا کہ مندر بننے سے کیا سب کوتعلیم، روزگار مل جائے گا؟ اوم پرکاش نے کہا کہ نہ ہم مندر کے حق میں ہیں، نہ مسجد کے ،مندر کے موضوع پر صرف جھگڑا کھڑا کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -ممبئی: کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی،4افراد ہلاک،16زخمی

شیئر: