مشاعرمقدسہ میں 2ہزار سے زائد پاکستانی رضاکاروں کی مثالی خدمات
پی ایچ وی جی کے ارکان بلا تفریق ضیوف الرحمان کی خدمت کرتے ہیں ،رضاکاروں کو منی میں خیموں کی فراہمی سے خدمات کامعیار مزید بہتر ہوسکتاہے
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان حج والنٹئیرز گروپ کے رضاکاروں نے ایام حج میں مثالی خدمات انجام دیں ۔ رضاکاروں کے حوالے سے حجاج کرام کا کہنا تھا کہ انہوں نے جس طرح بے لوث ہو کر خدمت کی اسکا اجر رب کریم ہی انہیں دے ۔ تفصیلات کے مطابق امسال مملکت کے مختلف شہروں میں مقیم 2 ہزار سے زائد پاکستانی رضا کاروں نے ایام حج میں ضیوف الرحمان کی خدمت کی ۔ مشاعر مقدسہ میں رضا کاروں نے معمر حجاج کو وہیل چیئر پر انکے خیموں تک پہنچانے کے علاوہ راستہ کھو جانے والوں کی رہنمائی کی ۔ رضاکار وں نے بلا امتیاز رنگ و نسل ہر ایک حاجی کی مدد کی ۔ پی ایچ وی جی کے ایک ذمہ دار کا کہنا تھا کہ امسال بڑی تعداد میں رضا کاروں نے خود کو رجسٹر کرایا تھامگر ہم نے 2 ہزار رضا کاروں کا ہدف مقرر کیا تھا اس لئے باقی افراد سے معذرت کی ۔ گروپ کا قیام مکہ مکرمہ کے علاقے العزیزیہ کی ایک عمارت میں تھا جہاں مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا تھا ۔رضاکار وں کو مختلف شفٹوں میں ذمہ داریاں تفویض کی جاتی تھیں ۔ کنٹرول روم سے ہر رضاکار کا رابطہ رہتا تھا ۔ تمام رضاکاروں کو منی کے نقشے فراہم کئے گئے تھے جن میں حجاج کے گروپ کے مطابق انکے خیموں کی لوکیشن اور نمبر واضح تھے ۔ منی میں خدمات انجام دینے کے بعد رضاکاروں نے طوافِ زیارہ پراجیکٹ، مصطفوی گروپ پاکستان کے اشتراک سے کامیابی سے مکمل کیا۔ یہ پراجیکٹ ان عازمینِ حج کے لئے شروع کیا کیا گیا تھا جو دورانِ حج شدید بیماری یا حادثے کے نتیجے میں اسپتال میں داخل تھے اور حج کا ایک اہم رکن طوافِ زیارہ ادا کرنے کے قابل نہیںتھے ۔ اس سال پاکستان حج میڈیکل مشن میں داخل ایسے 45 مریضوں کو 4 بسوں اور 2 خصوصی ایمبولینسوں کے ذریعے حرمِ شریف لیجایا گیا اور حرم کی بالائی منزل پر رضاکاروں نے انہیں وہیل چیئرز کے ذریعے طوافِ زیارہ کروایا۔ یہ آپریشن تقریباً 8 گھنٹوں میں مکمل ہوا اور اس میں مصطفوی گروپ کے 15 اور پی ایچ وی جی کے 100 رضاکاروں نے حصہ لیا۔ مصطفوی گروپ کی جانب سے بریگیڈیئر سلطان کی سربراہی میں کرنل آصف ملک اور کرنل ظفر اور پی ایچ وی جی کی جانب سے محمد اسماعیل، معظم الرحمان، ایان محسن اور ولید نے اس آپریشن کی نگرانی کی۔ طوافِ زیارہ کی ادائیگی کے بعد تمام عازمینِ حج کو حج میڈیکل مشن میں پہنچادیا گیا۔عازمینِ حج نے طوافِ زیارہ کی ادائیگی اور حج کی کامیاب تکمیل پر تمام رضاکاروں اور گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں گروپ کی مزید کامیابیوں کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔واضح رہے پاکستان حج والنٹیر گروپ گزشتہ کئی برس سے رضاکارانہ طور پر مشاعر مقدسہ میں ضیوف الرحمان کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ۔ گروپ کے ساتھ پاکستان حج مشن کی جانب گروپ کے رضاکاروں کےلئے العزیزیہ میں عمارت کا بندوبست کیاجاتا ہے تاہم ایام حج میں رضاکاروں کو منیٰ میں ایک خیمہ مخصوص کر دیاجائے تو مزید بہتر انداز میں رضاکار خدمت انجام دے سکتے ہیں ۔ منی سے العزیزیہ کی مسافت تقریبا 8 کلو میٹر ہے جہاں سے رضاکاروں کو وہیل چیئر کے ساتھ پیدل آنے اور جانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر حج مشن آئندہ برس ان رضاکاروں کے ساتھ مل کرجامع حکمت عملی مرتب کرے تو کافی بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں اور خدمات کا معیار بھی بہتر ہوگا۔