Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضیوف الرحمن کےلئے سعودی حکومت کی خدمات مثالی ہیں ، کاشف رندھاوا

 صرف نواز شریف کو ٹارگٹ کیا گیا ،پہلی رات انہوں نے فرش پر گزاری، مریم نواز 200 خواتین کیساتھ عام بیرک میں ہیں، اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ صوبہ پنجاب کے جنرل سیکریٹری کاشف رندھاوا کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات مثالی تھے ۔ مناسک حج کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ جمرات پل کی تعمیر اور مطاف کی توسیع سے حجاج کرام کو بے پنا ہ سہولت ہوئی ۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جدہ میں حاجی عبدالرووف کی رہائش پر اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کاشف رندھاوا نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی توسیع او ر سعودی حکومت کی جانب سے ضیوف الرحمان کو فراہم کی جانے والی خدمات مثالی ہیں ان کا اندازہ امسال فریضہ حج ادا کرکے ہوا جب فراہم کی جانے والی خدمات کا از خود جائزہ لیا۔ پاکستان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رندھاوا کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں صرف نواز شریف کو ہی ٹارگٹ کیا گیا۔ احتساب سے کوئی بالا ترنہیں ،پانامہ میں دیگر نام بھی ہیں مگر نشانہ صرف نواز شریف ہی کیو ں بنے ۔ عوام آج بھی نواز شریف کی جانب ہی دیکھ رہے ہیں ۔ عوامی حکومت کے قیام اور جمہوریت کی بقا و استحکام کےلئے وہ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ کسی این آراو کا کوئی امکان نہیں۔ رندھاوا نے مزید کہا حج پرروانہ ہونے سے قبل میاں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے تفصیلی ملاقات کی تھی اس موقع پر نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے استحکام کے لئے تمام مشکلات سہہ رہے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت مستحکم ہو اور کسی کو مستقبل میں عوامی حکومت روندنے کا خیال نہ آئے ۔ نواز شریف اور انکی بیٹی کو جب اڈیالہ منتقل کیا گیا تھا تو پہلے دن ایک تنگ بیرک میں رکھا تھا ۔ پہلی رات میاں نواز شریف نے فرش پر گزاری بعدازاں جو گدا دیا گیا وہ بھی انتہائی بوسیدہ تھا۔ مریم نواز کو آج بھی عام بیرک میں 200 قیدی خواتین کے ہمراہ رکھا گیا ہے ۔ جیل انتظامیہ باپ بیٹی کو ہفتے میں صرف ایک دن ملاقات کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ان تمام مشکلات اور سختیوں کے باوجود آج بھی میاں صاحب اور مریم نواز پرسکون ہیں اور استقامت سے کھڑے ہیں ۔ حالیہ انتخابات کے حوالے سے رندھاوا کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ عوام نے کتنے ووٹ مسلم لیگ کو دیئے انکے اعداد وشمار سے ہر کوئی واقف ہے۔ موجودہ حکومت کے حوالے سے سیکریٹری جنرل یوتھ ونگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا امتحان شروع ہو چکا ہے ۔ انہو ںنے جو بلند و بانگ دعوے کئے تھے وہ سب ہوا ہو کر رہ گئے ہیں ۔ بنی گالہ سے ہیلی کاپٹرکے ذریعے ایوان صدر آیا جاتا ہے جس پر یومیہ 6 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں انکا کون حساب دے گا ؟ عمران خان نے 22 برس جو باتیں کیں ان میں سے ایک پر بھی عمل نہیں کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے سوال پر رندھاوا کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ بعض جگہ قیادت سے غلطیاں ہوئیں۔ نواز شریف نے ایسے افراد کی بات سنی جو انکے لئے نقصان کا باعث بنی ۔ شہباز شریف اور نواز شریف میں کوئی اختلاف نہیں ،کچھ بھی ہو جائے شہباز شریف اپنے بھائی کے خلاف نہیں ہو سکتے ۔ 

شیئر: