مسلم لیگ(ن) ریاض کے وفد کی چوہدری نورالحسن تنویر سے ملاقات،انتخاب پر مبارکباد
ریاض (ذکاء اللہ محسن ) مسلم لیگ ن ریاض کے وفد نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) مڈل ایسٹ کے صدر اور نومنتخب ممبر قومی اسمبلی چوہدری نورالحسن تنویر اور سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی۔ وفد میں مسلم لیگ (ن) ریاض کے سرپرست اعلیٰ چوہدری فریاد احمد،سینیئر نائب صدر شیخ سعید احمد،سابق سینیئر نائب صدر راشد محمود بٹ،نصیر احمد سعد سعید، خالد چیمہ اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگی وفد کی جانب سے شیخ سعید نے کہا کہ مڈل ایسٹ میں رہنے والے تمام مسلم لیگی چوہدری نورالحسن تنویر کی کامیابی سے نہایت خوش ہیں کہ مسلم لیگ نے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا نمائندہ دیا ہے جو ایوان میں ہماری آواز بنے گا ۔چوہدری فریاد احمد اور راشد محمود بٹ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے اس نے ہمیشہ اپنے ورکرز کی بھرپور عزت کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج نورالحسن تنویر بھاری اکثریت سے عوامی نمائندہ بن کر سامنے آئے ہیں۔ چوہدری نورالحسن تنویر نے کہاکہ مڈل ایسٹ اور سعودی عرب میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پارٹی منشور کو احسن انداز میں لوگوں تک پھیلایا ہے صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں جہاں بھی پاکستانی موجود ہیں وہ مسلم لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں اور نوازشریف سے بے انتہا محبت کرنے کے علاوہ ان کی قیادت پر فخر کرتے ہیں۔جبکہ رانا ثناء اللہ نے وفد کو خوش آمدید کہا اور سعودی عرب میں لیگی کارکنان اور عہدیداروں کی کاوشوں کو سراہا تقریب میں سابق ایم پی اے شیخ اعجاز ، چوہدری آزاد تبسم، ایم پی اے طاہر خلیل سندھو اور دیگر سرکردہ شخصیات شامل تھیں۔آخر میں مسلم لیگ ن ریاض کی جانب سے نورالحسن تنویر کو تحائف بھی دئیے گئے۔