نوتعمیر شدہ قونصلر ہال کا معائنہ کیا، باہمی دلچسپی کے امور پر سفرا ءمیں تبادلہ خیال
ریاض (ذکاءاللہ محسن) پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سفارتخانہ پاکستان کا دورہ کیا۔ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور دورہ خیر سگالی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں سفراءنے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے باہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردارادا کرنے کا عہد کیا۔ اس کے بعد دونوں سفراءنو تعمیر شدہ قونصلر ہال تشریف لے گئے جہاں المالکی کو سفارتخانے میں فراہم کی گئی خدمات اور سہولتو ںکے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ سعودی سفیر نے ان مہیا کی گئی خدمات کے معیار اور قونصلرہال کے ماحول کی تعریف کی۔ وہاں موجود حاضرین اور خصوصاً پاکستانی تارکین وطن نے اپنے درمیان سعودی سفیر کی موجودگی پر از حد اظہار مسرت کیا۔ وہ نواف المالکی کے گرد جمع ہوگئے اور انہوں نے سعودی شاہی خاندان اور عوام کیلئے اظہار تشکر کیا۔ تارکین وطن نے انہیں درپیش مسائل خصوصاً پاکستان میں سعودی سفارتخانے کی طرف سے عائد کی جانے والی بھاری فیملی ویزا فیس کے بارے میں نواف المالکی کو آگاہ کیا۔ دونوں سفراءنے سائلین کو غور سے سنا اور کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فعال کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر متعدد لوگوں نے سعودی سفیر کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔سعودی سفیر نے مملکت سعودی عرب سے محبت کرنے اور اس کی تعمیر و ترقی میں برسوں اہم کردارادا کرنے پر پاکستانی تارکین وطن کا شکریہ ادا کیا۔