Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی میں شدیدبارش اور سیلاب سے تباہی،16افراد ہلاک

لکھنؤ۔۔۔۔یوپی میں شدید بارش سے مختلف اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔اتر پردیش کے ضلع جھانسی اور للت پور میں اچانک سیلاب آنے سے درجنوں افراد پانی میں محصور ہو کر رہ گئے جنہیں فضائیہ کی امدادی ٹیموں نے بچایا۔ ریاست کے کمشنرراحت رسانی سنجے کمار نے بتایا کہ للت پور کی تحصیل تال بیہٹ کے گاؤں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پورا گاؤں سیلاب میں گھر گیا، وہاں6افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے تھے جنہیں فضائیہ کی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔کمار نے بتایا کہ ضلع جھانی کی تحصیل گروٹھا میں دریائے بتوا میں پھنسے 9ماہی گیروں کو فضائیہ کی ٹیموں نے موت کے منہ سے بچایا۔امداد و راحت رسانی کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق ریاست میں اس طوفانی بارش سے سے سیتا پور میں 3،امیٹھی اور اوریا میں 2،2، لکھیم پور کھیری ، رائے بریلی اور اناؤ میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ 12افراد شدید زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں 461مکان زمین بوس ہوئے۔ شاہجہاں پور کے کانٹھ میں بجلی گرنے سے 4بچوں سمیت 6افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 4بری طرح زخمی ہوگئے۔ڈی ایم امرت ترپاٹھی نے بتایا کہ پولیس اور امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا۔ مرنیوالوں کے لواحقین کو فی کس 4لاکھ روپے معاوضہ دیا جائیگا۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ریاست کی مختلف ندیوں اور دریاؤں میں سطح آب خطرے کے نشان سے اوپر ہوگئی ہے ۔نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -گئو رکشکوں کو غنڈہ گردی مہنگی پڑگئی

شیئر: