3 رافیل جنگی طیارے مشق کے لئے گوالیار پہنچ گئے
گوالیار۔۔۔۔۔فرانس سے ہونیوالے رافیل جنگی طیارہ سودے سے متعلق کانگریس کی جانب سے اٹھائے جانیوالے سوالوں کے درمیان3 رافیل جنگی طیارے گوالیار کے مہاراج پور ایئربیس پر پہنچ گئےجہاں فضائیہ کے اہلکار3دن تک پرواز کی تربیت حاصل کرینگے۔ذرائع کے مطابق فرانس کے رافیل طیارے بین الاقوامی جنگی مشق میں شامل ہونے کے لئے آسٹریلیا گئے تھے جہاں سے 3 طیارے گوالیار پہنچ گئے ہیں ۔ان طیاروں کو ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ اڑائیں گے ۔اس دوران فرانسیسی فضائیہ کے اہلکار مراج 2000 جنگی طیاروں کی مشق کریں گے۔آسٹریلیا میں ہوئے پچ بلیک جنگی مشق میں ہندوستانی فضائیہ کے ٹرانسپورٹ اور سخوئی 30 طیاروں نے حصہ لیا تھا۔ مودی حکومت نے فرانس حکومت کے ساتھ 36 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے۔ امید ہے کہ ستمبر 2019 تک یہ طیارے ملک میں آنا شروع ہو جائیں گے۔واضح ہو کہ کانگریس نے رافیل طیارہ سودامیں غیر شفافیت ،بے ضابطگی اور مہنگے داموں خریدے جانے کا الزام لگاتے ہوئے پورے معاملے کی تحقیقات جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی سے کرانے کا مطالبہ کررہی ہے۔