Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین احسان مانی کا پی سی بی میں احتساب کا نعرہ

 
  لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے پی سی بی میں احتساب کانعرہ لگادیا۔ انہوں نے کہاکہ پی سی بی میں شفافیت اور احتساب کا نظام لائیں گے، سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کروں گا۔ ایک ماہ میں پی سی بی کے اکاونٹ کے معاملات ویب پر جاری کر دیں گے۔ معلومات حاصل کرنے کیلئے ایک طریقہ کار ہوگا جس کے تحت میڈیا ڈپارٹمنٹ کام کرے گا۔یک سوال پر احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کا 3سال کاآڈٹ کرائیں گے۔ کرپشن کسی مرحلے پر بھی ہوئی قابل معافی نہیں۔بورڈ کی رقم اگر لوٹی گئی تو واپس لانے کی بھی کوشش کریں گے۔احسان مانی نے کہا کہ گورننگ بورڈ خاموش تماشائی نہیں بلکہ اپناآئینی کردار ادا کرے گا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل گورننگ کونسل کے ڈھانچے کا جائزہ لیںگے تاہم اس کا سسٹم بھی ہر لحاظ سے شفاف بنایا جائے گا۔ ادھرلاہور ہائیکورٹ نے کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ نجم سیٹھی اور پی ایس ایل کے بارے میں ریکارڈ فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت سے معذوری ظاہرکی اور درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو اس سفارش کے ساتھ بھیج دی کہ درخواست کو کارروائی کیلئے کسی دوسرے بنچ کے سامنے پیش کیا جائے۔ درخواست گزار کے مطابق نجم سیٹھی اور پی ایس ایل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے درخواست دی ہے لیکن کرکٹ بورڈ کے متعلقہ حکام ریکارڈ فراہم نہیں کر رہے۔ درخواست میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا کہ کرکٹ بورڈ کا ریکارڈ پبلک کرنے سے انکار آئین کے آرٹیکل 19 اے کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ فوری طور پر پی سی بی کا تمام اہم ریکارڈ طلب کر کے قبضے میں لیا جائے ۔ 

شیئر: