Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ کوالیفائنگ: ہانگ کانگ فائنل جیت گیا

 
کوالالمپور:ہانگ کانگ نے متحدہ عرب امارات کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کرکٹ کپ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ہانگ کانگ گروپ اے میں پاکستان اور ہند کے ساتھ ہوگا ،گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ ایازن خان کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بارش سے متاثرہ میچ کو 24 اوورز فی ٹیم تک محدود کردیا گیا تھا۔ متحدہ عرب امارات نے پہلے کھیلتے ہوئے 24 اوورز میں 9 وکٹوں پر 176 رنز بنائے۔ اشفاق احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ دیگر بیٹسمین کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔ شیمان انور 22 ، محمد عثمان اور عدنان مفتی نے بالترتیب 16 ، 16 جبکہ چاراج سری نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہانگ کی جانب سے ایازن خان سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے ۔ 5 اوورز میں 28 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ نوید احمد نے 3 اور تنویر افضل نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت ہانگ کانگ کو میچ جیتنے کیلئے 179 رنز کا ٹارگٹ دیاگیا ۔ ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کے اوپنر نزاکت خان اور انسومان رتھ نے تیزی سے اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو 6 اوورز میں 64 رنز کی بنیاد فراہم کی۔ نزاکت 38 جبکہ رتھ 28 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ کارٹر 33 اور احسان 29 رنز نے بھی ٹیم کی فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔ اماراتی بولر کوشش کے باوجود اسکور روکنے میں ناکام رہے۔ خراب فیلڈنگ بھی ٹیم کی شکست کا سبب بنی۔ ہانگ کانگ نے آخری اوور کی تیسری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ امارات کی جانب سے محمد نوید نے 2 جبکہ شیمان انور، عامر حیات، احمد رضا، روشن مصطفی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
کھیلوں کی تازہ ترین خبروں کیلئے واٹس ایپ اسپورٹس گروپ جوائن کریں

شیئر: