Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہتاس میں مشتعل ہجوم نے شیڈول کاسٹ خاتون کو ہلاک کردیا

    پٹنہ - - - - بہار کے ضلع بیگو سرائے میں مشتعل ہجوم کے ذریعے 3افراد کے قتل کا معاملہ تھما بھی نہ تھا کہ ریاست کے ضلع روہتاس میں امبیڈکر چوک کے قریب بچوں کے مابین ہونیوالی تکرار کے بعد فریقین آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کردیا اور پورا علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا۔ اسی دوران ہجوم نے شیڈول کاسٹ کی خاتون کو زدوکوب کرکے ہلاک کردیا۔ڈیہری کے پولیس سپرنٹنڈنٹ انور جاوید نے بتایا کہ طویل عرصے سے دونوں فریقوں کے درمیان تنازع چلا آرہا تھا۔ ابتدا میں دونوں جانب سے سنگباری ہوئی ۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔ پولیس نے قتل اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں فریقین کے 3افراد کو گرفتار کرلیاجبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاجس کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی گئی۔روہتاس معاملے میں 150نامعلوم افراد کیخلاف رپورٹ درج کی گئی ہے جو لاٹھی ، ڈنڈوں اور اسلحے سے لیس ہوکر پولیس کی موجودگی میں خاتون کو زدوکوب کرکے ہلاک کردیا۔ روہتاس کے ایس پی نے خاتون کے قتل کو موب لنچنگ کا واقعہ بتایا۔اپوزیشن نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں بھیڑ قانون ہاتھ میں لے رہی ہے۔کیانتیش کمار کی حکومت میں پولیس کا خوف لوگوں کے ذہن سے ختم ہوچکا ہے؟ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار موب لنچنگ کا مرکز بن چکا ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ بیگو سرائے میں ہجوم نے پیٹ کر 3افراد کو قتل کردیا اور اب روہتاس میں دلت خاتون کو زدوکوب کرکے قتل کردیا۔ حاجی پور میں داروغہ پر اور جہان آباد میں اے ایس پی پر حملہ ، ساسا رام میں خاتون کو برہنہ کرکے گھمایاگیا ۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں چہارسُو لاقانونیت کا راج ہے ۔اغوا ، زیادتی ، قتل و غارتگری، لوٹ مار ، موب لنچنگ جیسے واقعات سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔نظم و نسق ختم ہوچکا ہے۔تمام اداروں میں غیر قانونی سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔

مزید پڑھیں:- - - -بی جے پی کی مجلس عاملہ نے ’’اجے بھارت، اٹل بی جے پی ‘‘کا نعرہ بلند کردیا

شیئر: