ساس نے تھپڑ مارا تو داماد نے چھت سے پھینک دیا
تھانے۔۔۔۔مہاراشٹر میں تھانے کے گھڈبندر روڈ پر واقع روپ بھلا کمپلیکس میں رہنے والی خاتون نے اپنے داماد کو نشہ کے عالم میں دیکھا تو اسے تھپڑ رسید کردیا۔اس پر داماد طیش میں آگیا اورجوابی کارروائی کرتے ہوئے ساس کو اٹھاکر چھت نیچے پھینک دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 32سالہ انکش بھٹی اہلیہ اور ساس کے ہمراہ کمپلیکس میں قیام پذیر تھا۔بھٹی اکثر و بیشتر نشہ میں دھت ہوکر اہلیہ اور ساس سے جھگڑا کیا کرتا تھا۔ گزشتہ رات جب وہ نشے کی حالت میں گھر آیا تو 70سالہ ساس کمل جیت کور سے جھگڑا ہوگیا۔ساس نے اسے تھپڑ جڑدیا جس پر داماد آپے سے باہر ہوگیا اور شیشے کی بوتل سے ساس پر حملہ کرکے زخمی کردیا اور اٹھاکر بیڈ روم کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیاجس سے موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔ بھٹی نے اہلیہ کو دھمکی دی کہ ساس کی موت کے بارے میں کسی کو پتہ نہ چلے۔بھٹی تھوڑی دیر بعد نیچے اتر کر کالونی میں شور مچانا شروع کردیا کہ ساس چھت سے گرکر ہلاک ہوگئی۔اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور فلیٹ کا معائنہ کیا تو اسے دال میں کالا نظر آیا۔ بیڈ روم میں خون کے نشانات دیکھ کر شک یقین میں بدل گیا۔ پولیس نے بھٹی کو گرفتار کرکے سختی سے پوچھ گچھ کی تو اقبال جرم کرلیا۔پولیس کے اعلیٰ افسر ڈی ایس ڈھولے نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔