نواز شریف اور مریم کی پیرول پر رہائی میں توسیع
لاہور ...پنجاب حکومت نے مسلم لیگ (ن)کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں مزید 3 دن کی توسیع کر دی ۔ صدر (ن) لیگ شہباز شریف نے تینوں کی 5 دن کے لئے رہائی کی درخواست کی تھی میت لندن سے واپس لانے اور تدفین میں کم از کم 3 دن لگیں گے تاہم پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر تینوں قیدیوں کو 12 گھنٹے کے لئے رہائی کی اجازت دی تھی ۔ تینوں کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نور خان ایئر بیس سے خصوصی پرواز کے ذریعے رات ڈھائی بجے لاہور پہنچایا گیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نوازشریف،مریم اور محمد صفدر کی پے رول پر رہائی میں مزید 3 دن اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری وزیراعلی پنجاب کو ارسال کی گئی جس کی منظوری دے دی گئی۔ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ کلثوم نواز کی میت پاکستان آنے میں کسی تاخیر پر پیرول میں مزید اضافہ کردیا جائے گا ۔