وزیر اعظم مودی پرحملے کا خطرہ،سیکیورٹی انتظامات سخت
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم کا دورہ اندور 14ستمبر سے شروع ہونے سے قبل خفیہ ایجنسیوں نے ان پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کردیا گیا ـ۔حفاظتی بندوبست مضبوط کردیئے گئے۔وزیر اعظم مودی اندور میں بوہرہ فرقہ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرینگے۔سیکیورٹی ایجنسی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ حملہ آورخاتون کے بھیس میں شامیانے میں داخل ہوسکتے ہیں اس کے بعد سیکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہوگئیں۔پولیس نے شامیانے میں داخل ہونےکے تمام راستوں کی سختی سے نگرانی شروع کردی۔ ڈی آئی جی ہری نرائن مشرنے بتایا کہ سیکیورٹی انتظامات 4لیئر کے کردیئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے چاروں دائرے سے گزرنے کے بعد ہی عوام شامیانے میں داخل ہوسکتے ہیں۔ پروگرام میں آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ پروگرام کی جگہ پر جرمن ٹیکنالوجی سے لیس 125کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ان کی مدد سے لوگوں کے ناخن تک صاف دیکھے جاسکتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کے اندور پروگرام میں شرکت کے وقت 20منٹ تک شہر نو فلائنگ زون میں تبدیل ہوجائیگا۔تاریخ کا پہلا واقعہ ہے جب بوہرہ فرقے کی کسی تقریب میں ملک کے وزیر اعظم کی شرکت ہوگی۔ اس پروگرام میں مودی 30منٹ تک موجود ہونگے۔