بھارت امریکا مشترکہ اعلامیہ قبول نہیں‘ مذاکرات پر تیار ہیں‘ پاکستان
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ امریکا اور بھارت کا مشترکہ اعلامیہ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزامات پر واشنگٹن حکومت کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے جبکہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، چین کے ساتھ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی نہیں کررہے۔ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے نیوزبریفنگ دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ بلااشتعال فائرنگ پر قائمقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے کامیاب دورے کیے ، پاکستان نے جلال آباد میں سیکورٹی مسائل کے باعث قونصل خانہ بند کیا۔ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے ۔