ہیکرز نے فضائیہ کے آن لائن امتحانات ہیک کرلئے
چندی گڑھ ... ہندوستانی فضائیہ کے حکام اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب انہیں احساس ہوا کہ روہتک میں ہونے والے نان کمیشنڈ افسروں کی بھرتی کیلئے ہونے والے آن لائن امتحانات کا ہیکرز نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ فراڈیوں نے ایک متوازن نیٹ ورک قائم کرکے ان کمپیوٹرز کا ریموٹ کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔ وہ ماہرین کی مدد سے سوالات کے جوابات دینے لگے تھے اور امیدوار اپنے کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے رہے تھے۔ فضائیہ کے حکام نے شام کو روہتک پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرادی۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق 175امیدوار امتحان دے رہے تھے جبکہ ہیکرز 5کمپیوٹرز کو ہیک کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور وہ ریموٹ کے ذریعے ان کا کنٹرول سنبھالے ہوئے تھے۔ یہ امتحانات ایڈوانسڈ کمپیوٹر ڈیولپمنٹ سینٹر لے رہا تھا جس نے ان امتحانات کو بھی کسی ایجنسی کو آﺅٹ سورس کردیا تھا۔ ہیکنگ کا انکشاف اس وقت ہوا جب فضائیہ کی ویجلنس ٹیم نے سینٹر کا دورہ کیا جہا ں انہوں نے کچھ امیدواروں کو خالی بیٹھا پایا اور ان کے کمپیوٹر پر خود کار طریقے سے جوابات تحریر کئے جارہے تھے۔ ان امیدوارو ںنے تو کی بورڈ پر بھی ہاتھ نہیں رکھے ہوئے تھے۔ جب عمارت کا معائنہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ باقاعدہ امتحان گاہ تک ایک فائبر کیبل بچھائی گئی تھی جس کا سرا پہلی منزل پر امتحان گاہ سے جوڑا گیا تھا۔ اس کے برابر میں ایک نجی اسپتال تھا جہاں 5افراد بیٹھے لیپ ٹاپ استعمال کررہے تھے اور ان کا اس متبادل کیبل کے ذریعے رابطہ تھا۔ یہ لوگ سوالات لیکر ایک ماہر کو بھیجتے تھے جو جوابات انہیں ارسال کرتا تھا۔ 2افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس میں اس آﺅٹ سورس کا انویجیلیٹر شامل ہے۔