Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرامہ سی آئی ڈی کے پردیومن کی موت، اب کون آئے گا؟

اے سی پی پردیومن کے ڈرامے میں انتقال کے بعد اُن کی جگہ اداکار پرتھ سمتھان اے سی پی کا کردار نبھائیں گے۔ (فوٹو: گوگل)
انڈیا کے مشہور ڈرامہ سیریل سی آئی ڈی میں اے سی پی پردیومن (اصلی نام شیواجی ستام) کا کردار نبھانے والے اداکار کی ڈرامے میں موت واقع ہو گئی ہے جس کے بعد یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ یہ مخصوص کردار کون نبھائے گا۔
سونی ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اے سی پی پردیومن کی ڈرامے میں موت کی خبر دی جس کے بعد انڈیا سمیت دنیا بھر میں شائقین نے افسوس کا اظہار کیا۔
سونی ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ’ایک عہد تمام ہوا۔ اے سی پی پردیومن 1998 سے لے کر 2025 تک۔‘
اس کے بعد یہ خبر سامنے آئی کہ اے سی پی پردیومن کا کردار اب پرتھ سمتھان نبھائیں گے جس کا اعلان اداکار نے خود کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ساس بہو اور بیٹیاں سے بات کرتے ہوئے پرتھ سمتھان نے کہا کہ ’اُن (اے سی پی پردیومن) کی جگہ لینا بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ یہ بہت بڑا خلا ہے جسے پر کرنا ہے۔‘
پرتھ سمتھان نے مزید کہا کہ ’یہ ایک تاریخی شو ہے جو چلا آ رہا ہے۔ جب میں نے اپنی فیملی سے اس بارے میں بات کی تو انہیں لگا کہ میں مذاق کر رہا ہوں۔ جب انہیں یقین دلایا تو اُن سب کو مجھ پر بہت فخر ہوا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں اے سی پی ایوشمن کا کردار نبھاؤں گا۔ یہ نیا کردار ہوگا اور نئی کہانی ہوگی۔ ہم سٹوری کو نئے تھرل اور سسپنس سے آگے بڑھائیں گے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس شو کا حصہ بنوں گا۔‘
اداکار نے مزید انکشاف کیا کہ وہ شو میں اے سی پی پردیومن کے قتل کی بطور نئے اے سی پی تحقیقات کریں گے۔

سی آئی ڈی میں اے سی پی پردیومن کا کردار شیواجی ستام نے نبھایا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

خیال رہے کہ سی آئی ڈی کی پہلی قسط 21 جنوری 1998 کو سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی تھی۔
اس ڈرامے میں ادتیہ شری واستوا نے انسپکٹر ابھیجیت، دایانند شیٹھی نے انسپکٹر دایا اور نریندرا گپتا نے ڈاکٹر سالونکھے کا کردار نبھایا ہے۔
یہ ڈرامہ 2018 میں ختم ہوگیا تھا تاہم چھ سال بعد مداح اسے دوبارہ ٹی وی، سونی لِیو اور نیٹ فلکس پر دیکھ سکتے ہیں۔    

 

شیئر: