حکومت بالی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی لگائے ،صائمہ نور
اداکارہ صائمہ نور نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری لالی وڈکی تباہی اور ناکامی کی بڑی وجہ غیر معیاری اور ناقص فلمیں تھیں جس کی وجہ سے شائقین نے سینما گھروں کا رخ کرنا چھوڑا مگر اب اچھی فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں جو خوش آئند بات ہے۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پاکستان کی لالی وڈ کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے رائٹروں ، پروڈیوسروں اور ہدایتکاروں کو اچھی اور معیاری فلمیں بنا کر شائقین کے دل جیتنا ہوں گے، اس طرح ہماری انڈسٹری دوبارہ سے اپنے قدموں پر کھڑی ہو سکے گی ۔انہوں نے کہا کہ عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں جو بڑی خوش آئند با ت ہے ۔ صائمہ نور نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو پاکستان میں ہندوستانی بالی وڈ فلموں کی نمائش پر ہمیشہ کے لئے پابندی عائد کر دینی چاہئے تاکہ ہمارے سینما گھر دوبارہ سے آباد ہو سکیں۔