پاک ہاکی میں بہتری کیلئے شہناز شیخ کا فارمولا
لاہور:اولمپیئن شہنازشیخ نے پاکستان ہاکی ٹیم میں بہتری کا فارمولا پیش کردیا۔ ماضی کے عظیم ہاکی کھلاڑی شہناز شیخ نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں قومی کھیل کوماضی کے سنہری دورکی طرف لے جانے کی متعدد تجاویز دی ہیں۔ خط کے مطابق گزشتہ 3 عشروں سے پی ایچ ایف کے مالی وسائل کا زیادہ تر دارومدار حکومت کی طرف سے ملنے والے فنڈز پر ہوتا ہے۔ ماضی کی اس پریکٹس کا خاتمہ کرنے کیلئے پی ایچ ایف کے لئے فوری طور پر 4 ارب روپے اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔2 ارب روپے کا انتظام حکومت کرے جبکہ 2 ارب روپے پی ایچ ایف اپنے وسائل سے جمع کرے۔ 4 ارب کی اس رقم کوبینک میں رکھنے کی صورت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 30 سے 35 کروڑ روپے کی سالانہ رقم میسر آئے گی۔ اس رقم سے ہاکی کے تمام ملکی اور انٹرنیشنل معاملات چلانے کو مدد ملے گی۔ شہناز شیخ نے تجویزدی ہے کہ پی ایچ ایف میں کرپشن، اقربا پروری کے خاتمے کے لیے آئین میں تبدیلی کی جائے اور قومی ٹیم کے پلیئنگ اسٹرکچر میں اصلاحات متعارف کروائی جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاوس نے اس خط کا مثبت جواب دیتے ہوئے شہنازشیخ کی عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں